منہ کی بو کی پانچ وجوہات اور ان کا سدِّ باب
ڈاکٹر محمد یحیی ٰ نوری
کیا آپ اس بات سے خوف محسوس کرتے ہیں کہ آپ کے منہ کھولتے ہی سامنے بیٹھے شخص کے چہرے پر ناگواری کے تاثرات نظر آنا شروع ہوجائیں؟
یقینا” ۔
کیوں کہ اس بات سے ہر نفیس انسان خوف محسوس کرتا ہے کہ اس کے منہ سے بو آئے۔۔
بہت سے لوگ اس خوف کی وجہ سے دن میں کئی کئی مرتبہ اپنے دانت مانجھتے ہیں۔۔
بعض لوگوں کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے منہ سے بدبو آ تی ہے۔۔
انہیں مگر اس بات پر حیرت ہوتی ہے کہ لوگ ان سے کیوں کتراتے ہیں۔
یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ۔۔
کیوں کہ منہ سے بدبو کے بہت سے اسبا ب ہوتے ہیں ۔
آئیں جانیں ہم ان میں سے پانچ اسباب اور ان کے تدارک کے بارے میں۔۔
۔ تمباکو نوشی
سگریٹ ، پان ، چھالیہ ، گٹکا، نسوار تمباکو کی ہی مختلف شکلیں ہیں اور تمباکو نوشی کینسر کا باعث تو ہوتی ہی ہے ، ساتھ ہی منہ سے مسلسل بدبو کا سبب بھی بنتی ہے۔ سگریٹ نوشی کے نقصات کے باعث اسے چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔جس دوران آپ اس عمل سے گزر رہے ہیں اس دوران تمباکو نوشی کے بعد اچھی طرح دانت مانجھنا اور ماوتھ واش کا استعمال آپ کے منہ کی بدبو کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ مسواک کا ہر نماز کے ساتھ باقاعدہ استعمال سنت نبوی ﷺ بھی ہے اور منہ کی بو سے بچنے میں مددگار بھی ثابت ہوتا ہے۔
۔بدبو دار غذائیں
پیاز ، لہسن اور بعض مصالحہ جات استعمال کرنے سے بھی انسان کے منہ میں بدبو پیدا ہوتی ہے۔ اس بدبو کے سد باب کے لئے اچھی طرح دانت مانجھنے اور سونف ، پودینہ ، دارچینی ، لونگ اور الائچی کا استعمال مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
۔ دانتوں اور مسوڑھوں کی بیماریاں
دانتوں اور مسوڑھوں کی مختلف بیماریاں بھی بدبو کا باعث ہوتی ہیں ۔ دانتوں میں کھڈے پڑجانا اور اس میں پھنسی غذا پر جراثیم کا تعمل بھی منہ کی بو کا باعث بن سکتا ہے۔ اس سے بچنے کے لئے اپنے ڈینٹسٹ سے مشورہ ، بیماری کا علاج اور دانتوں اور مسوڑھوں کی مستقل ، باقاعدہ اور اچھی صفائی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
۔ پیٹ کی بیماریاں
بہت سے افراد پیٹ کی مختلف بیماریوں کا شکار رہتے ہیں۔بدہضمی ، قبض ، معدے میں تیزابیت اور دیگر ایسے کئی مسائل ہیں جن کا تعلق نظام ہضم سے ہوتا ہے اور انسان کے منہ سے بو آتی ہے۔
یہ مسائل بار بار منہ صاف کرنے سے حل نہیں ہوتے اور ان کو حل کرنے کے لئے نظام ہاضمہ کو درست کرنا ضروری ہے۔ روز مرہ کے کچھ نسخے جو ان مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ان میں سبزیوں کا زیادہ استعمال، دہی کا باقاعدہ استعمال اور اسپغول کی بھوسی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
۔ منہ یا حلق کے کسی حصے کا کینسر
منہ یا حلق کے کسی حصے کا کینسر ہو جائے تو وہ بھی منہ میں بدبو کا باعث بنتا ہے۔کینسر کا علاج پیچیدہ بھی ہے اور تکلیف دہ بھی۔اور جسے کینسر کی بیماری لاحق ہو جائے ، منہ کی بو اس کے لیے ایک بہت ہی چھوٹا مسئلہ رہ جاتی ہے۔کینسر سے بچاؤ مگر ممکن ہے ۔ منہ اور حلق کے کینسر کی بڑی وجہ پان ، سگریٹ ، چھالیہ ، گٹکا اور ایسی ہی دیگر مصنوعات ہیں جن سے پرہیز کر کے انسان نہ صر ف کینسر سے بچ سکتا ہے بلکہ روز مرہ کی زندگی میں منہ سے آنے والی بو سے بھی نجات حاصل کر سکتا ہے۔
Recent Comments