قبض – علامات، وجوہات، علاج اور روک تھام
سمعیہ ضیاء
ماہر غذائیت
قبض کو’ ام الامراض‘کہتے ہیں جو کہ عموماً طرز زندگی میں تبدیلیوں کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ دریافت کرکے اس وجہ کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ یہ بہت سے مسائل کی جڑ ہے۔
اگرچہ کبھی کبھار قبض بہت عام ہےلیکن اگر علاج نہ کرا جائے تو کچھ لوگوں کو دائمی قبض کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کے روزمرہ کے کام کرنے کی صلاحیت میں مداخلت کر سکتا ہے۔
قبض کی اصل تعریف
قبض ایک عام سی شکایت ہے جس میں آپ کا فضلہ بہ آسانی نہیں نکل پاتا یا کمی کے ساتھ خارج ہوتا ہے۔
علامات
ہفتے میں تین بار سے کم آنتوں کی حرکت
سخت یا خشک فضلہ کا گزرنا
آنتوں کی حرکت کے دوران تناؤ یا درد
آنتوں کی حرکت کے بعد بھی آنتوں کے خالی پن کا احساس نہ ہونا
وجوہات
قبض کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں جیسے
کم فائبر والی خوراک
پانی کی کمی
ورزش کی کمی
طویل نشست
آنتوں کی تحریک میں تاخیر
کچھ ادویات
حمل
بڑھتی عمر
تناؤ، روٹین میں تبدیلیاں، اور ایسی حالتیں جو آنتوں کی حرکت کو سست کرتی ہیں وہ بھی قبض کا باعث بن سکتی ہیں۔
علاج
اپنی غذا میں فائبر سے بھرپور غذائیں شامل کریں، جیسے کچے پھل اور سبزیاں، اناج، پھلیاں، دالیں، چیا سیڈذ وغیرہ
کم فائبر والی غذائیں، جیسے پراسیسڈ فوڈز، ریفانڈ اشیاء اور میٹھے مشروبات کا استعمال کم کریں۔
دن میں دو سے چار گلاس اضافی پانی پئیں.
اپنی چائے/ کافی/ سبز چائے کی مقدار کو ایک سے دو کپ تک محدود رکھیں کیونکہ یہ پانی کی کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایک ڈائری رکھیں جس میں ان کھانوں کو درج کریں جو آپ کو قبض کرتے ہیں۔
حاجت کی صورت میں تاخیر کرنے سے فضلہ کو گزرنا مشکل ہو جاتا ہے لہذا تاخیر سے اجتناب کریں۔
دو سے پانچ منٹ کے لیے مختلف یوگا آسن آزمائیں جو کہ ریلیف میں مدد کرتا ہے۔
آدھے کیلے کے ساتھ اپنا کھانا ختم کریں۔
چیک کریں کہ آپ ٹوائلٹ میں کیسے بیٹھتے ہیں۔ اپنے پیروں کو اٹھانا، پیچھے جھکنا یا بیٹھنا آنتوں کی حرکت کو آسان بنا سکتا ہے۔
چکنائی والا گوشت، چکنائی والا دودھ اور پنیر کا استعمال محدود کریں۔
روک تھام
وہی گھریلو طریقے استعمال کریں جو آپ قبض کے علاج کے لیے استعمال کرتے تھے تاکہ اسے دائمی مسئلہ بننے سے بچایا جا سکے۔
ایک متوازن غذا کھائیں جس میں کافی مقدار میں فائبر ہو۔
سیب، ناشپاتی، امرود، آڑو، کھیرے جیسے پھلوں کی جلد کو غیر ضروری طور پر نہ اتاریں کیونکہ پھلوں میں زیادہ تر فائبر ان کے چھلکوں میں پایا جاتا ہےاسی طرح ایسے پھل جن کے بیج آپ کھا سکتے ہیں، جیسے اسٹرابیری، تربوز وغیرہ انہیں ضائع نہ کریں ان میں بھی فائبر زیادہ ہوتا ہے۔
زیادہ پانی پیئں۔ کیفین والے مشروبات سے پرہیز کریں۔
ہر ہفتے تقریباً 150 منٹ کی ورزش کا ہدف بنائیں (ہفتے میں 5 دن روزانہ 30 منٹ)
فائبر کے متعلق ضروری احتیاط
فائبر کی مقدار کا توازن رکھنا بہت اہم ہے۔ اگرچہ زیادہ فائبر لینا اچھا ہے، لیکن آپ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔ اپنے فائبر کی مقدار میں کوئی اچانک تبدیلی کرنا آپ کو دوسرے مسائل سے دو چار کرتا ہے جیسے
اپھارہ
پیٹ میں درد
پیٹ پھولنا
عارضی وزن میں اضافہ اور
اسہال وغیرہ
اگر آپ اپنی ڈایٹ میں فائبر کی مقدار میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں، تو ہر ہفتے اپنی خوراک میں مختلف قسم کے کھانے سے صرف چند گرام فائبر شامل کریں۔
فائبر سے بھرپور غذائیں ایک ہی دفعہ میں کھانے کے بجائے دن بھرمختلف قسم کے کھانے سے فائبر حاصل کرنا بہتر ہے جیسے پھل، سبزیاں، اناج، میوے وغیرہ ۔
عموما قبض کے معاملات پیچیدہ نہیں ہوتے ہیں اور خوراک اور ورزش میں تبدیلی کے ساتھ آسانی سے علاج کیا جا سکتا ہے۔
یاد رکھیں احتیاط علاج سے بہتر ہے۔
Recent Comments