نیا سال اور پرانے غیر محتاط رویے: کچھ احتیاطی تدابیر
ڈاکٹر محمد یحییٰ نوری
جب سال بدلتا ہے تو بہت سے لوگ نئے آنے والے وقت کے ساتھ کچھ نئی امیدیں باندھتے ہیں۔
کچھ نئے ارادے کرتے ہیں۔
اپنے اندر بہتری لانے کی کوشش کرتے ہیں۔
کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے خیال میں ماہ و سال بدلنے سے کچھ نہیں ہوتا۔
صرف کلینڈر کا ایک صفحہ بدل جاتا ہے۔
ایسے لوگ عام طور سے اپنی حالت پر مطمئن ہوتے ہیں۔
وہ بدلنا نہیں چاہتے۔۔
اگر آپ کچھ بدلنا چاہتے ہیں تو یہ بات یاد رکھیں کہ انسان بہتری کی طرف جب گامزن ہوتا ہے جب وہ ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرتا ہے۔
بہتری کی خواہش اس کے اندر سے پیدا ہوتی ہے۔
وہ گزرے ہوئے وقت پر ایک تنقیدی نظر ڈالتا ہے۔
اس کا تجزیہ کرتا ہے اور ایک نظام الاوقات ترتیب دیتا ہے جس کے تحت وہ اپنی ذہنی ، روحانی، جسمانی اور سماجی صحت کی بہتری کے لیے کچھ اقدامات اٹھانا شروع کرتا ہے۔
اپنے مالی معاملات پر گرفت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
اپنی تعلیم و تربیت پر توجہ دیتا ہے۔
جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے یہ چھوٹے چھوٹے اقدامات ایک قابل ذکر اور قابل تعریف نتیجے کی صورت میں ڈھل
جاتے ہیں۔
آہستہ آہستہ وہ ایک نئی شخصیت بن جاتا ہے۔۔
یہ اقدامات نہ صرف شخصی سطح پر ضروری ہیں بلکہ اجتماعی سطح پر بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
بہت سے افراد اس اہم ترین وقت پر غور و فکر اور آگے کی منصوبہ بندی کے بجائے شور شرابے اور دوسرے فضول کاموں میں لگے رہتے ہیں۔۔
انہیں اپنی اور دوسروں کی صحت و سلامتی کا خیال نہیں ہوتا۔۔
اکثر ایک انسان کی بے احتیاطی دوسرے کی زندگی میں تکلیف
کا باعث ثابت ہوتی ہے۔
ہم ہر سال ، سال کے بدلنے پر کچھ ایسی سرگرمیاں دیکھتے ہیں جو ہمارے ارد گرد کے ماحول کے لیے بھی نقصاندہ ثابت ہوتی ہے اور ہمارے اپنی لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ہوائی فائرنگ اور آتش بازی
سال بدلنے کے ساتھ ہی ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔آسمان کی طرف چلائی ہوئی گولیاں جب واپس زمین کی طرف واپس گرتی ہیں تو ان کی رفتار اتنی ہوتی ہے کہ یہ کسی بھی انسان کے جسم میں داخل ہو سکتی ہیں۔
ایسے مواقع پر کھلے آسمان کے نیچے کھڑے ہونے سے بھی پرہیز کرنا چاہیے۔
بعض اوقات آتش بازی بھی حادثات کا باعث بنتی ہے اور بے احتیاطی کے باعث آتشزدگی کے کئی واقعات پیش آتے ہیں۔
تیز رفتاری
اکثر دیکھا جاتا ہے کہ ایسے مواقع پر نوجوان موٹر سائکلوں پر تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
خطرناک انداز میں موٹر سائکل چلاتے ہیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالتے ہیں۔
ایسے میں سڑکوں پر بہت سے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔
کئی افراد زندگی بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔
شور شرابہ
بہت جگہوں پر ایسی تقریبات منعقد ہوتی ہیں جن میں ساری رات تیز آواز میں موسیقی بجائی جاتی ہے۔
شور شرابہ ہوتا ہے اور لوگ جشن مناتے ہیں۔
اس قسم کے شور شرابے سے نہ صرف عام لوگوں کی نیند متاثر ہوتی ہے بلکہ بزرگ اور عام افراد کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔
کتنا اچھا ہو کہ ہماری خوشی کسی دوسرے کے غم اور تکلیف کا باعث نہ بنے۔
نشہ آور ادویات کا استعمال
کئی ایسی جگہوں پر جہاں نئے سال کی تقریبات منعقد ہو رہی ہوتی ہیں نشہ آور ادویات کا استعمال اور شراب نوشی کی جاتی ہے۔
بہت سے نوجوان نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے سڑکوں پر ہوتے ہیں جن کے ہاتھوں جان لیوا حادثات ہو سکتے ہیں۔
سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط کرنا اور چوکس رہنا بہت ضروری ہے۔
کوشش کرنی چاہیے کہ اس موقعے پر اپنے گھر میں ہی رہا جائے۔
اگر باہر نکلیں بھی تو انتہائی ضرورت کے تحت نکلیں تاکہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات اور طوفان بدتمیزی سے محفوظ رہ سکیں۔
عام طور پر رات میں ٹریفک کا دباؤ انتہائی بڑھ جاتا ہے۔
ممکن ہے کہ ٹریفک میں پھنس کر آپ اپنے گھر والوں سے رابطہ نہ کرسکیں۔
ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے ساتھ ایک پاور بینک رکھنا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
احتیاط کریں تاکہ آپ اور آپ کے گھر والے سلامتی کے ساتھ رہ سکیں۔۔
احتیاط افسوس سے بہتر ہے۔
صرف اس ڈر کی وجہ سے کہ کسی حادثے کا شکار نہ ہوں اس وقت سالانہ کتب میلے کے لیے نکلتے ہوئے بھی ڈر لگ رہا ہے۔