منظم زندگی:  سائنسی تحقیق کی روشنی میں

نورالعلمہ حسن

زندگی ایک نعمت ہے اور نعمتوں کی قدر اور ان کے شکر کا ایک انداز ان کا بہترین استعمال ہے۔

بہترین زندگی وہی ہے جو انسان کو مثبت اور بلند ہمت رکھے اور ایسی زندگی کا راز نظم و ضبط ہے۔

یہ فلسفہ دانشوروں کا تو ہمیشہ ہی سے ہے لیکن صرف وہی نہیں بلکہ سائنس بھی یہی کہتی ہے۔

متعدد سائنسی تحقیقات یہ ثابت کرتی ہیں کہ منظم زندگی ہی اصل طرزِ زندگی ہے اور روزمرہ کے معمولات میں نظم اپنانے والے لوگ ہی اپنے آپ سے مطمئن اوراپنے معاملات کے متعلق پرسکون رہتے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں منظم زندگی کی اہمیت کے متعلق سائنسدان کیا کہتے ہیں؟

 

جسمانی صحت

سائنسی تحقیق کے مطابق منظم زندگی گزارنے والے لوگ متناسب معمولات کے حامل ہوتے ہیں جس کی بدولت وہ بےشمار جسمانی بیماریوں جیسے امراضِ قلب، ذیابیطس، بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) اور دیگر بہت سے موذی امراض سے محفوظ رہتے ہیں۔

نیز وہ لوگ جن کے خاندان میں یہ بیماریاں جینیاتی طور پہ موجود ہیں محض اپنی زندگی کے معمولات کو بہتر بنانے اور صحت افزا رویوں کو اپنانے کے ذریعے ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

 

تناؤ سے بچاؤ

 

آخر کیا وجہ ہے کہ سمٹا ہوا گھر بکھرے ہوئے گھر کے مقابلے میں زیادہ پرسکون ہوتا ہے؟

 

کیوں ایک سلیقے سے سجایا ہوا باغ بے ربط لگے درجنوں پودوں کے مقابلے میں دل کو طمانیت عطا کرتا ہے؟

 

دورِ حاضر کے بےشمار مسائل میں سے ایک تناؤ بھی ہے۔ اکیسویں صدی کی تیزرفتاری نے تمام لوگوں کی ذہنی صحت کو حددرجہ متاثر کیا ہے اور اس وقت دنیا کی ایک کثیر تعداد تناؤ، دباؤ، بےچینی اور اس سے جڑی دیگر ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہے جو اکثروبیشتر جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ منظم زندگی آپ کو ذہنی تناؤ سے محفوظ کر کے آپ کی ذہنی صحت کو متوازن بناتی ہے۔

اگر آپ بھی اس وقت کسی بھی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہیں تو اپنے اردگرد چیزوں اور اپنے معمولات کو منظم کر کے دیکھیے، معاملات بھی جلد سمٹ جائیں گے۔

پرسکون نیند

 

بےخوابی کا مسئلہ کوئی نیا نہیں لیکن گذشتہ چند دہائیوں سے نوجوانوں میں اس کی بڑھتی شکایت قابلِ فکر ہے۔

جدید دور کے تقاضوں کے باعث بےلاگ مصروفیات ہوں یا اسمارٹ فون، ٹیبلٹس جیسی ٹیکنالوجیوں کا استعمال اگر یہ کسی بھی طور آپ کہ زندگی پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں اور خصوصاً آپ کی نیند پر اثرانداز ہیں تو اپنے صبح و شام کو منظم کرنا آپ پر لازم ہے۔

کئی تحقیقات کے مطابق جن لوگوں کی صبح منظم ہوتی ہیں وہ اپنے کام جلدی نمٹا کر رات کی نیند سے بھرپور افادیت سمیٹنے میں کامیاب ہوپاتے ہیں۔

 

توجہ کی بہتری

 

تحقیق کے مطابق جدید آلاتِ مواصلات اور ٹیکنالوجی نے لوگوں کی ان کے کاموں پہ توجہ کو متاثر کیا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ لوگ اپنے کاموں پر عدم توجہی جیسے مسائل کا شکار ہیں۔

اس کی ایک بہت اہم وجہ یہ ہے کہ لوگ اس بات سے ناواقف ہیں کہ انہیں کس وقت کیا کام کرنا ہے اور ایک وقت میں متعدد کاموں کے متعلق سوچتے ہوئے یکسوئی سے اپنے اہم ترین کام کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔

سائنس کہتی ہے کہ زندگی میں نظم و ضبط اپنانا آپ کی توجہ کو بہتر بناتا ہے اور آپ ایک وقت میں ایک کام پہ اپنی توجہ مرکوز کرکے بہترین نتائج حاصل کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

 

خوداعتمادی میں اضافہ

 

سائنسی تحقیق کے مطابق منظم زندگی گزارنے والے افراد اپنے فیصلوں اور منصوبوں کے حوالے سے پراعتماد ہوتے ہیں۔

مثبت انداز میں ایک نظم کے تحت زندگی گزارنے والے لوگوں کے پیشِ نظر ان کے مقاصد واضح ہوتے ہیں اور اس طرح انہیں اپنے مسائل کے سلسلے میں خود انحصاری کی عادت ہوتی ہے۔

 

وقت اور پیسے کی بچت

 

وقت اور پیسے کی کمی بھی دورِ جدید کا ایک اہم مسئلہ ہے۔

لیکن تحقیقات کے مطابق منظم رہنے والے لوگ اپنے ان قیمتی متاع کو بہترین مصرف میں لانے کی پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

نتیجتاً وہ ایک پرسکون اور مطمئن زندگی گزار پاتے ہیں۔

اگر انسان کو یہ معلوم ہو کہ فلاں دن اسے کیا کیا اہم کام سرانجام دینے ہیں، اس کی ضرورت کے مطلوبہ سامان کہاں موجود ہوتے ہیں تو کاموں کے لیے مختص وقت کے سوا وقت بچانے کی کوشش ہوگی، ضرورت کی چیزیں تلاش کرنے میں ضائع ہونے والا وقت بچ سکے گا۔

اپنے اخراجات کے متعلق منظم منصوبہ بندی ہوگی تو کم خرچ بالا نشیں کی صورت بھی جنم لے گی اور انتظامی امور بھی بہتر طور سے چل سکیں گے۔

اسی طرح اپنے دیگر کاموں سے بچنے والے وقت کو مثبت سرگرمیوں جیسے ورزش، چہل قدمی، کتب بینی وغیرہ میں لگانے سے آپ قدم بہ قدم صحت مند زندگی کی جانب بڑھتے رہیں گے۔

 

تعلقات اور قرابت داری

 

بعض جاپانی قصبے دنیا کی ان اقوام میں سے ہیں جہاں لوگ نہایت طویل العمر ہوتے ہیں۔ “اِکیگائی” نامی ایک معروف کتاب میں ان لوگوں کی طویل العمری کے رازوں پر تحقیق کی گئی تو لوگوں سے ملنے جلنے (سوشلائزنگ) جیسا اہم نکتہ سامنے آیا۔

آج کے تیزرفتار دور میں ہم میں سے بہت سے لوگ جہاں سمندر پار انجان لوگوں سے جڑ گئے ہیں وہیں اپنے اردگرد بہت سے لوگوں سے کٹ بھی گئے ہیں۔

عموماً اس کی وجہ بھی وقت کی کمی بتائی جاتی ہے جو اپنے اوقات کار کو ترتیب دینے سے عین ممکن ہے۔

اپنے کام مناسب وقت پر مکمل کر لینے سے آپ ایک مطمئن ذہن کے ساتھ اپنے دوستوں رشتے داروں کے ہمراہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں جو براہ راست آپ کی صحت مند زندگی اور طویل العمری کا ذریعہ بنے گا۔

منظم زندگی – ثمرآور زندگی

ایک منظم زندگی آپ کو اپنے معمولات اور معاملات پر اپنے قابو کا احساس دلاتی ہے۔

اس طرح آپ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور انہیں بہترین مصرف میں لانے کا وقت مل پاتا ہے۔ آپ اپنے روزمرہ کے کاموں کو بھی سیر حاصل وقت دے پاتے ہیں۔

منظم رہنا آپ کے کاموں کا معیار بھی بہتر کرتا ہے جو آپ کو آپ کے شعبے میں بہتر سے بہتر اور کامیاب سے کامیاب تر بناتا ہے۔

  

سائنسی تحقیقات کی روشنی میں منظم زندگی کے ان اہم ترین فوائد کو پڑھنے کے بعد یقیناً آپ نے آج ہی سے معمول بنانے  اور اس میں ڈھلنے کا ارادہ کر لیا ہوگا۔

تو پھر دیر کیسی! اپنے معمولات کو منظم کر کے ذہنی و جسمانی صحت کی جانب پہلا قدم اٹھائیے۔

اپنے آج کو گذشتہ کل سے بہتر بنائیے۔