خون کی کمی کا غذاء سے علاج

سمعیہ ضیاء

ماہر غذائیت

صحت مند جسم میں پانچ سے چھ لیٹر خون موجود ہوتا ہے۔ ہمارے جسم کے تمام خلیات، ٹشوز اور اعضاء اور مختلف نظاموں کا کام خون پر منحصر ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق، خون کی کمی دنیا کی تیس فیصد سے زیادہ آبادی کو متاثر کرتی ہے۔

خون کی کمی یا  اینیمیاء 

سرخ خون کے خلیے ڈسک کی شکل کے ہوتے ہیں جن میں ہیموگلوبن (آئرن سے بھرپور پروٹین) ہوتا ہے جو اعضاء تک آکسیجن لے کر جاتے ہیں۔ خون کی کمی، اینیمیاء، اس وقت ہوتی ہے جب آپ کے جسم میں ان صحت مند سرخ خون کے خلیات یا ہیموگلوبن کی تعداد بہت کم ہوجائے۔

 

خون کی کمی کی وجہ کیا ہے؟

غذائی اجزاء کی ناکافی مقدار، کسی بیماری کے باعث خون کے سرخ خلیوں کی پیداوار میں کمی جیسے گردے کی بیماری، آنتوں کی سوزش یا ضرورت سے زیادہ خون بہنا جیسے حادثات، سرجری، السر وغیرہ۔ 

علامات

تھکاوٹ و کمزوری

زرد رنگت

سانس لینے میں مشکل

ٹھنڈے ہاتھ پاؤں

بد مزاجی اور چڑ چڑا پن

 خون کی کمی کی اقسام

غذائیت کی کمی خون کی کمی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ صرف آئرن ہی نہیں بلکہ وٹامن سی، بی 12 اور فولیٹ بھی خون کی کمی سے جڑے ہوئے ہیں۔ کمی کو روکنے کا آسان ترین طریقہ ان غذائی اجزاء سے بھرپور متوازن اور مناسب خوراک کو یقینی بنانا ہے۔ 

 

آئرن کی کمی

یہ سب سے عام قسم ہے جس میں صحت مند سرخ خون کے خلیات کی کمی ہوتی ہے جو بچوں، نوعمروں، نوجوان لڑکیوں اور خواتین میں پائی جاتی ہے۔ ایک نتیجے کے مطابق آئرن کی کمی میں توجہ کا دورانیہ اور دماغی کام متاثر ہوتا ہے۔

ذرائع

اعضاء کا گوشت – جگر، کلیجی

گوشت- چکن، گائے کا گوشت، مٹن اور مچھلی۔

میوے اور بیج

اناج

انار، کھجور

سبز پتوں والی سبزیاں – پالک، سرسوں، چقندر، میتھی، مولی کے پتے وغیرہ

پھلیاں اور دالیں

خشک پھل – کشمش، خوبانی، انجیر، آلوبخارہ 

ٹپس

سبز پتوں والی سبزیوں کا انتخاب کریں –  سالن کے طور پر یا سلاد بنا کر کھائیں۔

آئرن + وٹامن سی کا بہترین امتزاج۔ آئرن کے جذب کو بڑھانے کے لیے کھانے کے ساتھ وٹامن سی سے بھرپور غذائیں کھائیں (جیسے کینو، اسٹرابیری، امرود، شملہ مرچ، لیموں، ٹماٹروغیرہ) مثال: سبز پتوں والی سبزیوں کے سلاد پر لیموں کا رس چھڑک لیں، کھانے کے بعد اورنج جوس، ٹماٹر اور لیموں کے ساتھ بھنے ہوئے چنے یا لوبیا کی چاٹ۔

کھانے کے فوراً بعد کافی، چائے یا دودھ سے پرہیز کریں: کیونکہ یہ آئرن کے جذب میں مداخلت کرتے ہیں۔ اپنی کافی یا چائے کھانے کے تقریبا ایک گھنٹے بعد پیئیں۔

فولیٹ کی کمی

تازہ پھلوں، سبزیوں اور اناج کی خوراک میں کمی فولیٹ کی کمی کی بنیادی وجہ ہے۔ فولیٹ ایک وٹامن بی ہے جو آپ کے جسم کو خون کے سرخ خلیات بنانے میں مدد کرتا ہے۔

فولیٹ کی کمی کی پیچیدگیاں؟

غیر ترقی یافتہ سرخ خون کے خلیات

سفید خون کے خلیات اور پلیٹلیٹس کی کم سطح

بچے کی ریڑھ کی ہڈی اور دماغ میں پیدائشی نقائص، جنہیں نیورل ٹیوب ڈیفیکٹ کہتے ہیں۔

ذرائع

سبز پتوں والی سبزیاں

 اناج

تازہ پھل(پپیتا، کیلے، خربوزہ، کینو)

 میوے اور بیج

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آپ کو مطلوبہ فولک ایسڈ کی مقدار مل رہی ہے، روزانہ ان ذرائع کے 2-3 حصے شامل کریں۔

 

وٹامن بی 12کی کمی

یہ وٹامن بھی خون کے سرخ خلیات بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی عدم موجودگی پٹھوں کی کمزوری اور دل کی شرح میں اضافے کا باعث ہوتی ہے۔

ذرائع

گوشت

انڈے

دودھ اور اس کی بنی ہوئی اشیاء 

اپنے طرز زندگی اور خوراک میں تبدیلی لا کر خون کی کمی کو آسانی سے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ خون کی کمی کی علامات محسوس کرتے ہیں تو اپنے معالج سے رابطہ کریں اور تجویز کردہ طریقوں پر عمل کریں۔