خون کے عطیات: معاشرے کی اہم ضرورت

ڈاکٹر محمد یحییٰ نوری

 

زندگی میں کبھی نہ کبھی ایسا ضرور ہوا ہوگا کہ آپ کو یا آپ کے کسی عزیز کو کسی وجہ سے خون کی ضرورت پڑی ہوگی۔

ایسے میں کوئی جاننے والا۔۔

یا کوئی انجان آپ کے کام آیا ہوگا۔۔

ہمارے ارد گرد کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا رہتا ہے کہ جس کی وجہ سے لوگوں کو خون کی ضرورت پڑتی ہے۔

یہ خون ان کی جان بچانے کہ کا م آتا ہے کیوں کہ  وہ افراد جنہیں خون کی ضرورت پڑتی ہے  وہ کسی نہ کسی شدید ضرورت کا شکار ہوتے ہیں۔۔

ہو سکتا ہے کہ وہ ٹریفک کے حادثے کا شکار ہوئے ہوں ۔

کسی تخریب کاری کا شکار ہوئے ہوں۔

کوئی کام کرتے ہوئے زخمی ہو گئے ہوںَ۔

تھیلیسیمیا یا کسی اور ایسی بیماری کا شکار ہوئے ہوں۔

ہسپتال میں  اکثر آپریشن کے لیے یا حاملہ خواتین کو بھی خون کی ضرورت ہوتی ہے۔

یہ تمام لوگ وہ ہوتے ہیں جن کو خون نہ ملے تو ان کی جان جا سکتی ہے۔

گویا خون کا عطیہ انسانی جان کو ضائع ہونے سے  بچاتا ہے۔

اس لیے ہر اس شخص کو خون کا عطیہ ضرور دینا چاہیے جو خون کا عطیہ دے سکتا ہے۔

آپ ہر تین سے چار ماہ بعد خون کا عطیہ دے سکتے ہیں۔

کیا آپ خون دے سکتے ہیں؟ 

آپ خون دے سکتے ہیں اگر آپ کی صحت اچھی ہو۔

آپ کی عمر اٹھارہ سے ساٹھ سال کے درمیان ہو۔

آپ کا وزن کم سے کم پینتالیس کلو ہو۔

 آپ کے ہیموگلوبین کی مقدار  12.5 گرام /ڈی ایل ہو۔

آپ کب خون نہیں دے سکتے؟ 

آپ خون نہیں دے سکتے اگر

آپ کو ہیپاٹائٹس ، ایچ آئی وی  یا کوئی ایسا مرض ہو جو خون سے پھیلتا ہو۔

آپ کو ذیابیطس  ، مرگی ، فشار خون یا کوئی اور خطرناک بیماری ہو۔

آپ کو چند دن پہلے بخار ہوا ہو اور آپ اینٹی بایوٹکس استعمال کر رہے ہوں۔

آپ خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہوں۔

حاملہ  یا خون کی کمی کا شکار خواتین کو بھی خون نہیں دینا چاہیے۔

خون دینے کے فوائد 

خون دینے سے آپ کو ایک دلی اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ آپ کسی انسان کی جان بچا رہے ہیں۔

جو سکون کسی کی مدد کرنے سے میسر ہوتا ہے وہ چاہے کسی اور نیکی سے نہیں ہوتا۔

جب آپ خون دیتے ہیں تو خون دینے سے پہلے آپ کا پورا میڈیکل چیک اپ ہو جاتا ہے ۔

آپ کے کئی قسم کے میڈیکل ٹیسٹ کیے جاتے ہیں ۔

آپ کا خون کا گروپ معلوم کیا جاتا ہے۔

آپ کا ایچ آئی وی، ملیریا، سفلس اور ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

گویا نیکی کے ساتھ ساتھ آپ کو مالی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔

 کچھ احتیاطی تدابیر

کبھی کبھی خون دینے کے بعد کچھ چکر سے آتے ہیں۔

متلی محسوس ہوتی ہے یا کمزوری محسوس ہوتی ہے۔

اس سے بچا جا سکتا ہے اگر آپ نے اچھی طرح پانی پی رکھا ہو۔

آپ خون دینے کے بعد فورا” کھڑے نہ ہوں بلکہ دس پندرہ منٹ بعد آہستہ آہستہ کھڑے ہوں۔

 

امید ہے کہ یہ تحریر آپ کے لیے اتنی حوصلہ مند ضرور ثابت ہوگی کہ آپ خون عطیہ کرنے کو اپنی عاد ت بنائیں گے۔

زندگیاں بچائیں گے۔۔۔