ڈاکٹر محمد یحییٰ نوری

 

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال تئیس لاکھ خواتین میں بریسٹ کینسر یا چھاتی کے سرطا ن  کی تشخیص ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ ہر سال  سات لاکھ کے قریب خواتین کی موت کا باعث بنتا ہے۔

چھاتی کے سرطان  کی بروقت تشخیص ہو جائے تو علا ج ممکن ہے۔

آسان ہے۔

نسبتا” کم مہنگا ہے۔

اگر آ پ کے کسی قریبی رشتہ دار، یعنی ماں ، بہن ، خالہ ،  پھپھی ،دادی  یا نانی کو کینسر ہو چکا ہے تو یاد رکھیں کہ آپ  کو عام لوگوں کی نسبت احتیاط کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔

ایسے لوگوں میں اسی قسم کا یا دوسرے قسم کا کینسر پیدا ہونے کی خطرہ عام لوگوں کی بنسبت زیادہ ہوتا ہے، تو انہیں احتیاط بھی زیادہ کرنی چاہیے۔

کینسر سے بچاؤ کے لیے مختلف تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔

۔ صحت مند طرز زندگی

ایک صحت مند طرز زندگی  آپ کو کینسر سمیت بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ روزانہ ہلکی ورزش، تیز رفتار سے چہل قدمی اور ذہنی دباؤ سے پاک زندگی انسان کے مدافعتی نظام کی استعداد میں اضافہ کرتا ہے  جس کی وجہ سے بہت سی بیماریاں پیدا  نہیں ہو پاتیں۔

۔متوازن اور صحت مند غذا

متوازن اور صحت مند غذا  آپ کے جسم کو چاق و چوبند رکھتی ہے۔اس کی ضروریات پوری کرتی ہے اور اسے وزن بڑھنے سے محفوظ رکھتی ہے۔ پھل ، سبزی ، دودھ اور دہی  کا استعمال اسے  تمام ضروری نمکیات اور غذائی اجزا ء فراہم کرتا ہے ، جس سے آپ بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ کوشش کریں کہ مرغن غذاوں سے پرہیز کریں تاکہ  ایک چست انداز زندگی اپنا سکیں۔

۔تمباکو اور دیگر نشہ آور اشیاء سے پرہیز

تمباکو چاہے سگریٹ ، حقے یا شیشے کی صورت میں دھوئیں کے ساتھ ہو یا پان چھالیہ کے ساتھ ، گٹکہ یا کسی اور صورت میں چبا کر استعمال کیا جائے انتہائی مضر صحت ہے۔ یہ کینسر سمیت کئی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ اپنے آپ کو اور اپنے ماحول کو تمباکو سے پاک رکھنا اچھی صحت  برقرار رکھنے میں مددگار ہے۔

۔اپنا معائنہ خود کریں ، ایک نظام الاوقات کے تحت ہر ماہ کریں

اپنے جسم کا  ہر ماہ خود سے معائنہ کرنا آپ کو کسی مرض کی جلد تشخیص میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جلد پر کوئی  تبدیلی ، کوئی گلٹی یا چھاتی سے کسی قسم کے مواد کا اخراج کسی قسم کے کینسر کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ اس کے پیچھے کوئی کینسر ہی ہو، مگر ایسا محسوس ہو تو کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر یہ علامات کینسر کی وجہ سے ہوں تو انہیں نظر انداز کرنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔یاد رکھیں کہ کینسر کی تشخیص جتنی جلدی ہو یہ اتنا ہی قابل علاج ہوتا ہے۔

۔ماں کا دودھ ، ماں اور بچے دونوں کا فائدہ

ماں بننے والی خواتین  اپنے بچوں کو اپنا دودھ پلائیں  تو نہ صرف یہ ان کے بچوں کو طرح طرح کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ انہیں بھی چھاتی کے سرطان سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

۔خواتین کی مخصوص ادویات کا استعمال

خواتین کی مخصوص ادویات کا استعمال ہمیشہ ماہر ڈاکٹر کے مشورے سے کریں۔بہت سی ادویات  جو حمل کو روکنے یا خواتین کی دیگر مختلف بیماریوں میں استعمال ہوتی ہیں ان میں ہارمون شامل ہوتے ہیں۔ ان ادویات کے نتیجے میں کینسر پیدا ہونے کا خطرہ بڑ ھ سکتا ہے۔

یاد رکھیں۔۔ 

کینسر کی بروقت تشخیص بروقت علاج میں مدد دیتی ہے۔

بروقت تشخیص کینسر کو پھیلنے سے پہلے روک لیتی ہے۔

کینسر کا اگر بروقت علم ہو جائے ۔۔

تو اس کا علاج ممکن ہے۔

نسبتا” آسان ہے۔

کم خرچ ہے۔

اور انسان کی زندگی بچ جانے کے امکانات بہت بہتر ہوتے ہیں۔