سمعیہ ضیاء

ماہر غذائیت

کیا آپ کو بھی اچھی نیند کی تلاش ہے؟

اس تیز رفتار دنیا میں ، بے چین راتیں اور تھکی ہوئی صبح ان دنوں عام بات ہے۔ نیند کی اہمیت کو جاننے کے باوجود ہم نیند پرکام ، ٹی وی یا موبائل فون  اور دیگر تفریحات کو ترجیح دیتے ہیں۔

نیند کی کمی کا نتیجہ موٹاپے ، سستی اور دیگر جسمانی بیماریوں کی صورت میں نکلتا ہے۔ 

نیند خوراک اور پانی کی طرح اہم  کیوں یے؟

نیند بہت بڑی نعمت ہے ۔

یہ جسم کا ایک اہم تقاضہ ہے۔

تمام حیاتیاتی عمل کو انجام دینے کے لیے نیند کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ نیندکے دوران جسم میں سارے دن کی سرگرمی سے ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کی جاتی ہے۔ 

اسی دوران خلیاتی نشونما اور ذہن میں چلنے والے معاملات کی تنظیم نو ہوتی ہے۔دماغی افعال کی بہتری جیسے سیکھنا، تخلیقی صلاحیت اسی دوران میں جنم لیتی ہیں اور ترتیب پاتی ہیں۔

بھوک کے ہارمونز کو کنٹرول کرکے وزن کی دیکھ بھال میں مدد دیتی ہے۔

مسلسل ناکافی نیند دماغ کی ناقص کارکردگی ، دائمی بیماریوں، پی-سی-اوس، بانجھ پن، موٹاپا ، ڈیمنشیا اور ڈپریشن کا باعث بنتی ہے۔

آپ کو کتنی نیند کی ضرورت ہے؟

نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن (این-ایس-ایف)نے عمر کے مطابق نیند کے وقت کا شمار تجویز کرا ہے جو کہ آپ کی روز مرہ کی سرگرمیوں اور مجموعی صحت پر غور کرتے ہوئے ترتیب دی گئی ہیں۔                                                                

ٹینز (١٤-١٧ سال) : ٨-١٠ گھنٹے

نوجوان (١٨-٢٥ سال) : ٧-٩ گھنٹے

بالغ (٢٦- ٦٤ سال): ٧-٩ گھنٹے

بوڑھے لوگ (٦٥+ سال) : ٧-٨ گھنٹے

نیند کے دورانیے کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز

 

شام کا کھانا جلدی اور ہلکا پھلکا کھائیں۔ رات میں دیر سے نہاری، پائے، بریانی، پیزا، برگر اور دیگر روغنی غذائیں کھانا بے خوابی کا نسخہ ہے۔

شام میں نیلی روشنی کو محدود کریں جو موبائل فون ، ٹیلی ویژن ، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے خارج ہوتی ہے۔

ایک نیند کے شیڈول کی منصوبہ بندی کریں جو آپ کے لیے اتنی جلدی ہو کہ آپ کم سے کم 7-8 گھنٹے سو سکیں۔

جب آپ واقعی تھکے ہوئے ہوں تو سوئیں۔ سونے کے لیے بار بار کوشش صرف جنجھلاہٹ کا باعث بنتی ہے۔

اگر نیند آنے میں 20 منٹ سے زیادہ کا وقت لگتا ہے تو کچھ آرام دہ کام کریں جیسے اللہ کا ذکر،تلاوت،مطالعہ یا مراقبہ وغیرہ۔

سونے کے کمرے کے ماحول کو بہتر بنائیں۔

سونے سے 23 گھنٹے پہلے پانی اور دوسرے مشروبات کی مقدار کم کریں۔

صبح اٹھنے کے بعد یا رات کے کھانے کے بعد کافی یا چائے کا استعمال نہ کریں۔

ورزش نیند کے لیے بہترین ہے۔

خوراک اور نیند

اچھی نیند کا براہ راست تعلق آپ کی خوراک سے ہے خاص طور پر رات کے کھانے سے۔

اگر آپ پرسکون نیند لینا چاہتے ہیں تو اپنی غذا ہلکی پھلکی رکھیں۔

اچھی نیند کے لیے چند مفید غذائیں

غذا میں میوے، کیلے، چاول، مچھلی، دودھ اور اس سے بنی مصنوعات وغیرہ کا استمعال رکھیں۔

رات کو نیند نہ آنے کی صورت میں نیم گرم دودھ  ایک چمچ شہد یا ہلدی کے ساتھ لیں 

چند دانے اخروٹ ، پستہ یابادام کے کھائیں۔۔

نیند کی دشمن  

بے خوابی کی وجوہات مصالحے دار کھانے، ہائی کاربوہائیڈریٹ چیزیں،  مرغن غذائیں، سوڈا،  میٹھے مشروبات وغیرہ ہیں۔

یہ سب بدہضمی ، تیزابیت اور نیند میں خلل پیدا کرتے ہیں۔

 نیند زندگی کا ایک اہم اکثر نظر انداز شدہ عنصر ہے۔

اچھی نیند براہ راست اچھی صحت سے منسلک ہے۔

اگر آپ مناسب نیند لیں گے تو آپ اپنے وزن، خوراک، جلد، مزاج، یاداشت اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں میں کافی نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔