ورزش اور وزن میں کمی
ڈاکٹر محمد یحییٰ نوری
غذا اور وزن میں اضافہ: ایک عام فہم سی بات
یہ عام فہم کی بات ہے کہ آپ غذا کی صورت میں جو توانائی اپنے جسم میں داخل کرتے ہیں اگر آپ کا توانائی کا خرچ اس سے کم ہے تو یہ توانائی آپ کے جسم میں چکنائی کی صورت میں محفوظ ہو جائے گی۔
یہ چکنائی آہستہ آہستہ شریانوں میں جمع ہو کر دل کے امراض اور فالج جیسی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔
اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ جتنی توانائی جسم میں داخل کی جائے کم سے کم اتنی ہی خرچ بھی کی جائے۔
چربی کے خطرناک اثرات
اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو یہ توانائی آپ کے جسم میں چربی کی صورت میں جمع ہوتی چلی جائے گی اور اس کا پہلا اثر وزن بڑھنے کی صورت میں سامنے آئے گا۔
آہستہ آہستہ یہ بڑھتا وزن ہڈیوں اور جوڑوں پر بھی برا اثر ڈالتا ہے اور کمر اور گھٹنوں کے درد کی شکایت عام ہو جاتی ہے۔
بندہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہو جاتا ہے۔
ذہنی صحت کے مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں۔
پھر شریانوں میں چربی کی وجہ سے دل کے امراض سامنے آتے ہیں۔
اکثر دماغ کو جانے والی شریانیں بھی بند ہونے لگتی ہیں اور فالج کا اثر بھی ہو سکتا ہے۔
وزن کم کرنے کے دو طریقے
اگر آپ کا وزن زیادہ ہے تو آپ دو طریقوں سے اسے کم کر سکتے ہیں۔
پہلا طریقہ ورزش ہے۔
ہم نے اپنے ایک گزشتہ بلاگ میں پانچ مختلف قسم کی ورزشوں کا ذکر کیا تھا جنہیں اپنا کر آپ نہ صرف اپنا وزن کم کرسکتے ہیں بلکہ سارا دن چاق و چوبند بھی رہ سکتے ہیں۔
ورزش کا معمول آپ کے وزن کو قابو میں رکھنے میں مدد دے گا۔
مگر اکثر وزن میں کمی کی کوشش اس وجہ سے ناکام ہو جاتی ہے کہ بندہ ایک طرف گھنٹہ گھنٹہ پیدل چل رہا ہوتا ہے، وزن اٹھا رہا ہوتا ہے اور محنت کر رہا ہوتا ہے مگر دوسری طرف بریانی ، پیزا ، کولڈ ڈرنکس ، قورمہ اور نہاریاں کھا رہا ہوتا ہے۔
آپ جتنی بھی ورزش کر لیں ، اگر آپ اپنی غذا کا خیال نہیں رکھیں گے تو یہ بہت مشکل ہے کہ آپ اپنا وزن کم کر پائیں گے۔
غذا میں پھل ، سبزی اور دہی کا استعمال نہ صرف آپ کو ضروری غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ اکثر آپ کا پیٹ بھرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اور ان کی وجہ سے آپ مرغن غذا کی خواہش بھی کم محسوس کرتے ہیں۔
یاد رکھیں
اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو دو نوں کام کرنے پڑیں گے۔
ورزش بھی ۔۔
اور صحت مند غذا کا استعمال بھی۔
آپ نے اوپراپنے کسی گزشتہ بلاگ کی ۵ ورزشوں کا تذکرہ کیا ہے۔ ازراہ کرم اس کی کاپی عنایت کردیں۔ شکریہ
https://www.humwell.com/exercisetypes/